پسنی ہفتلار کے ساحل پر گجہ ٹرالرز کی یلغار، ماہی گیر بے یار و مددگار آدم قادربخش
گوادر؛ نیشنل پارٹی کے صوبائی ماہی گیر سیکریٹری آدم قادربخش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پسنی ہفتلار کے ساحل سمندر میں گجہ ٹرالرز کی یلغار جاری ہے۔ مغرب سے صبح تک غیر قانونی جالوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر شکار کیا جاتا ہے جس سے مقامی ماہی گیروں کا روزگار اور سمندری وسائل شدید خطرے سے دوچار ہیں۔
ایم پی اے ہدایت کے وعدے جھوٹ ثابت، گجہ اور وائرنیٹ بدستور قائم
انہوں نے کہا کہ ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت نے الیکشن سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ انہیں کامیاب بنایا جائے تو وہ چھ ماہ کے اندر گجہ اور وائرنیٹ کا خاتمہ کریں گے، لیکن اقتدار میں آتے ہی وہ اپنے وعدے بھول گئے اور ماہی گیر آج بھی مشکلات کا شکار ہیں۔
غیر قانونی جالوں سے شکار جاری، ماہی گیروں کا معاش خطرے میں
آدم قادربخش نے کہا کہ گجہ ٹرالرز اور وائرنیٹ کے ذریعے لوٹ مار ایک سوچی سمجھی سازش ہے تاکہ مقامی ماہی گیروں کو معاشی طور پر کمزور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ناقابلِ برداشت ہے اور اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو نیشنل پارٹی ماہی گیروں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔
نیشنل پارٹی کا مطالبہ: گجہ اور وائرنیٹ کا فوری خاتمہ کیا جائے
انہوں نے واضح کیا کہ سمندری وسائل عوام کی ملکیت ہیں، ٹرالر مافیا کی اجارہ داری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور ماہی گیروں کا حق چھیننے نہیں دیا جائے گا۔