سبحان کریم ۔۔ گوادر کا چمکتا ستارہ ..تحریر : اختر ملنگ

سبحان کریم ۔۔ گوادر کا چمکتا ستارہ

تحریر : اختر ملنگ

گوادر کے نوجوان فٹبالر سبحان کریم نے ثابت کیا ہے کہ ٹیلنٹ اور محنت سرحدوں کے محتاج نہیں۔ انڈر 19 سطح پر بین الاقوامی میدانوں میں اپنی مہارت منوانے والے سبحان کریم نے ناروے، انگلینڈ اور بھوٹان جیسے ممالک میں اپنے کھیل کا مظاہرہ کرکے پاکستان اور خصوصاً گوادر کا نام روشن کیا۔ شاندار پرفارمنس کے باعث سبحان کریم کئی اہم ٹورنامنٹس میں جیت کے تمغے بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

تاہم افسوسناک پہلو یہ ہے کہ عالمی سطح پر کامیابیاں سمیٹنے کے باوجود سبحان کریم کو اپنے ہی شہر میں وہ پذیرائی اور سہولیات نہیں ملتیں جن کے وہ حقدار ہیں، گوادر آمد پر نہ کوئی باضابطہ تقریب نہ ہی مقامی سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات دیکھنے کو ملتے ہیں۔

اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ مقامی حکومت کھیلوں کے ادارے اور کاروباری برادری آگے بڑھ کر سبحان کریم جیسے باصلاحیت نوجوان کی مکمل سرپرستی کریں۔ جدید تربیت، مالی معاونت اور بین الاقوامی ایونٹس تک رسائی کے لیے سپانسرشپ فراہم کی جائے تاکہ وہ پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹ سکے

علاقائی سطح کے بااثر اور معتبر شخصیات کے لیے یہ سنہری موقع ہے کہ وہ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی سبحان کریم کی بھرپور سرپرستی کریں یہ وہ وقت ہے جب ایک اُبھرتا ہوا ستارہ اپنی محنت اور لگن سے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر ہمارے رہنما بزنس کمیونٹی اور کھیلوں سے محبت کرنے والے افراد آگے بڑھ کر اس کی حوصلہ افزائی کریں تو سبحان کریم جیسے نوجوان نئی تاریخ رقم کر سکتے ہیں

سبحان کریم کی کہانی صرف ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ گوادر اور پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے اب یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سبحان کریم جیسے ابھرتے ہوئے فٹبال اسٹار کو بھرپور سپورٹ اور پزیرائی دیں تاکہ یہ ہمارا سفیر بن کر ہماری نمائندگی کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں