مبارک قاضی بلوچی زبان کا عظیم شاعر … عبدالحلیم حیاتان

مبارک قاضی بلوچی زبان کا عظیم شاعر

عبدالحلیم حیاتان

بلوچی زبان کے نام ور شاعر قاضی مبارک کو ہم سے بچھڑے ہوئے دو برس بیت گئے ہیں۔ قاضی مبارک 16 ستمبر 2023 کو انتقال کرگئے تھے۔ قاضی مبارک کا شُمار بلوچی زبان کے گھنے چھنے شعراء میں ہوتا ہے لیکن اپنی غیر معمولی شعری اسلوب اور جداگانہ شاعری کے سبب قاضی مبارک کو فوقیت حاصل رہی ہے۔

مبارک قاضی کی شاعری نصف صدی پر محیط ہے۔ قاضی مبارک نے اپنی زندگی میں بے شمار اشعار تخلیق کیے اور اُن کا شعری اسلوب انتہائی کمال کا ہے۔ وہ شعر تو کاغذ پر لکھ کر چھوڑ دیتے تھے مگر اُن کے اشعار میں شامل الفاظ روح کو متاثر کرتے ہیں۔ قاضی مبارک کا شعری اسلوب کثیرالجہتی خیال کا مظہر ہے، اِس میں آپ کو عشقیہ اور مزاحمتی شاعری دونوں کے غیر معمولی رنگ ملیں گے۔

قاضی مبارک کی شاعری انتہائی سلیس اور آسان زبان میں ہے لیکن جن الفاظ کو وہ پرو کر شعر میں تبدیل کرتے تھے، وہ پُراثر اور معنی خیز ہیں جو عام لوگوں کو بے حد متاثر کرتے ہیں۔ قاضی کی شاعری میں گہرائی اور وسعت پذیری کا غیرمعمولی وجدان اور دانش پایا جاتا ہے۔ اُن کی شاعری میں درد، سوز، مظلوموں کا نوحہ، مزاحمتی افکار اور محبوب کی چاہت کا رنگ جھلکتا ہے۔ قاضی مبارک کی شاعری ہر طبقے کی نمائندگی کا آئینہ دار ہے۔

اعلیٰ پائے کا یہ شاعر بلوچستان کے ہر گلی اور کوچے میں معروف رہا ہے۔ قاضی مبارک کے لکھے گئے گیت جب گلوکار گاتے ہیں تو یہ سننے والوں پر نہ صرف سحر طاری کرتے ہیں بل کہ سننے والوں میں سرایت کر جاتے ہیں۔ قاضی مبارک کی شاعری بلوچی ادب میں متبرک بن چکی ہے۔ اُن کے کلام کی مقبولیت نے اُنہیں بلوچستان کے ہر گھر کا شاعر بنا دیا ہے۔

قاضی مبارک جسمانی طور پر ہم سے جدا ہوئے ہیں لیکن وہ اپنی شاعری میں ہمیشہ زندہ و جاویداں رہینگے۔ قاضی مبارک کے کئی شعری مجموعے بھی شائع ہوئے ہیں جو بلوچی زبان اور ادب کے فروغ کے لئے قاضی مبارک کی ادا شدہ گرانقدر خدمات کو نمایاں کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں