ایم پی اے گوادر کی اورماڑہ آمد، پریس کلب کے لیے 2 لاکھ روپے کا اعلان
اورماڑہ (گوادر ڈیجیٹل) ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ایک روزہ دورے پر اورماڑہ پہنچے جہاں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور عوامی مسائل سنے۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے دورے کا آغاز اورماڑہ کے دیہی علاقے بل میں بنیادی مرکز صحت کے افتتاح سے کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اورماڑہ شہر میں مکمل ہونے والی 2 کلومیٹر طویل بلیک ٹاپ انٹرنل روڈ کا بھی افتتاح کیا۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اورماڑہ، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اورماڑہ، رورل ہیلتھ سینٹر اورماڑہ، فٹبال گراؤنڈ اورماڑہ اور پبلک کلب کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے اساتذہ، طلباء اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ مولانا نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے میونسپل کمیٹی اورماڑہ ہال میں ایک کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا جس میں کہدہ مراد حاصل، ماہی گیر رہنما مقبول بلوچ، کونسلر ایم سی کریم ارمان، کونسلر ایم سی نسیمہ بلوچ، اور صبیحہ بلوچ سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں مختلف عوامی مسائل پر بات چیت کی گئی۔
کھلی کچہری کے دوران مولانا نے اورماڑہ کے سمندر میں غیر قانونی ٹرالنگ کی صورتحال کے بارے میں پوچھا۔ اس پر ایک ماہی گیر اکبر دلپل نے بتایا کہ اب اورماڑہ کے سمندر میں ساحل کے قریب کوئی ٹرالر نظر نہیں آتا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز عبدالرزاق، ایس ایچ او زبیر نور، تحصیلدار اورماڑہ نور خان بلوچ، ڈی ایچ او گوادر عبد اللطیف دشتی، اور ڈی ای او گوادر زاہد بلوچ بھی ایم پی اے کے ساتھ موجود تھے۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اورماڑہ پریس کلب کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے پریس کلب کے لیے 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
- اِزم ءِ قَدر ءُ قیمت…. اسحاق رحیم -نومبر8, 2025
- گوادر کا موٹر سائیکل میکانیکوں کے بازار کا آج آخری رش ،کل ویرانی کا منظر … تحریر سلیمان ہاشم -نومبر7, 2025
- سید بندیک انت پرچا ؟ ءُ داں کدی ؟…. خیرجان خیرول -نومبر1, 2025