جیوانی میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی سربراہی میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے حل کے لیے اہم اعلانات
گوادر ( گوادر ڈیجیٹل ) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی سربراہی میں ضلعی افسران اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت کے ساتھ کھلی کچہری منعقد ہوئی۔ اجلاس میں چیئرمین میونسپل کارپوریشن جیوانی اکرم حیات، تحصیلدار اعظم گچکی، انجینیئر ساجد سخی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالرحیم بلوچ، ڈی ایس پی پولیس، ایس ایچ او، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر ادریس سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
کھلی کچہری کے دوران عوام نے جیوانی اور ضلع گوادر کے سنگین مسائل پیش کیے، جن میں سب سے زیادہ شکایات غیر قانونی ٹرالنگ اور سمندر میں ڈیزل کی اسمگلنگ سے متعلق رہیں۔ شرکا نے کہا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں سے سمندری حیات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، مچھلیوں کی کئی نسلیں ناپید ہو رہی ہیں اور پیداوار میں نمایاں کمی نے مقامی ماہی گیروں کو بے روزگار کر دیا ہے۔ اس موقع پر یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ محکمہ فشریز کی پیٹرولنگ بوٹس معمولی خرابی کے باعث عرصے سے سمندر میں گشت نہیں کر رہیں، جس کے نتیجے میں ٹرالنگ مافیا آزادانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تعلیمی شعبے میں سائنس اور دیگر اساتذہ کی کمی، جبکہ بنیادی سہولیات میں بجلی اور پانی کی قلت کے مسائل بھی نمایاں طور پر زیر بحث آئے۔
رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جیوانی کے پانی کے دائمی بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سنٹ سر سے جیوانی تک پائپ لائن بچھائی جائے گی۔
موجودہ پی ایس ڈی پی میں جیوانی کے لیے ایک پمپنگ اسٹیشن اور واٹر ٹینکی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
رواں سال کے تمام ترقیاتی فنڈز ضلع گوادر میں بجلی اور پانی کی بہتری کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ بجلی کے کھمبوں ،لائنز اور ٹرانسفارمرز کا سروے مکمل ہو چکا ہے جبکہ جیوانی کے بجلی کے نظام کا بھی سروے مکمل ہو گیا ہے۔
مزید برآں، عوام نے علاقے میں منشیات کے پھیلاؤ اور بڑھتی ہوئی چوری کے واقعات پر بھی تشویش ظاہر کی۔ اس پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے موقع پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جیوانی میں منشیات فروشی اور چوری کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
- اِزم ءِ قَدر ءُ قیمت…. اسحاق رحیم -نومبر8, 2025
- گوادر کا موٹر سائیکل میکانیکوں کے بازار کا آج آخری رش ،کل ویرانی کا منظر … تحریر سلیمان ہاشم -نومبر7, 2025
- سید بندیک انت پرچا ؟ ءُ داں کدی ؟…. خیرجان خیرول -نومبر1, 2025