گوادر (گوادر ڈیجیٹل) حق دو تحریک کی جدوجہد رنگ لے آئی، میونسپل کمیٹی کا کھنڈرات دفتر جدید مگر تاریخی طرزِ تعمیر میں تبدیل ہونے جا رہا ہے
گزشتہ کئی برسوں سے کھنڈرات کا منظر پیش کرنے والا میونسپل کمیٹی گوادر کا دفتر اب ایک نئی فعال اور تاریخی طرزِ تعمیر سے آراستہ عمارت کی شکل اختیار کرنے جا رہا ہے۔ حق دو تحریک کی انتھک جدوجہد عوامی حمایت اور مقامی قیادت کی بھرپور توجہ کے نتیجے میں یہ دفتر اب جدید سہولیات کے ساتھ ایک مکمل فعال انتظامی مرکز بننے کے قریب ہے۔
میونسپل کمیٹی کی پرانی عمارت طویل عرصے تک بدحالی اور غفلت کا شکار رہی جہاں نہ بنیادی سہولیات میسر تھیں اور نہ ہی انتظامی سرگرمیوں کے لیے موزوں ماحول۔ تاہم اب یہاں مرمتی اور تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔
نئی عمارت کا بیرونی ڈیزائن قلات کے تاریخی فنِ تعمیر سے متاثر ہے جبکہ اندرونی حصہ جدید طرزِ تعمیر اور شہری سہولیات سے مزین کیا جا رہا ہے جس سے گوادر کے شہری انتظامات میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔
اور بلدیہ میں موجود چیئرمین کے آفس کی بھی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے تاکہ انتظامی امور جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر انداز میں انجام دیے جا سکیں۔
یہ تاریخی بلڈنگ 1952 کے عمانی دور میں تعمیر کی گئی تھی جب بلدیہ گوادر کے پہلے ایڈمنسٹریٹر مسٹر وین (Mr. Wayne) جو ایک انگریز تھے، یہاں اپنے فرائض انجام دیا کرتے تھے۔ یہ عمارت اُس دور میں گوادر کی ابتدائی شہری انتظامیہ کا مرکز تھی ۔
اب اس عمارت کی بحالی کے دوران اس کے بیرونی حصے کو پرانے عمانی و تاریخی طرز پر دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے اصل ثقافتی حسن کو برقرار رکھا جا سکے جبکہ اندرونی حصہ مکمل طور پر جدید سہولیات، ٹیکنالوجی اور ڈیزائن سے مزین کیا جا رہا ہے۔
یوں یہ عمارت ماضی کی یادوں اور جدید ترقی کا حسین امتزاج بننے جا رہی ہے۔
ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی خصوصی دلچسپی اور عملی اقدامات چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر کی انتھک محنت اور بلدیہ گوادر کے موجودہ چیف آفیسر مکتوم موسی کی ایمانداری، دیانتداری اور شہری خدمت کے جذبے نے اس منصوبے کو کامیابی کی نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
مکتوم موسی نہ صرف تعمیراتی کاموں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں بلکہ شہری سہولیات کی فراہمی اور بلدیاتی نظام کی بہتری کے لیے ہر وقت عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان کی انتظامی صلاحیت سادگی اور خدمت کا جذبہ بلدیہ گوادر کے لیے ایک مثبت مثال بن چکا ہے۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے عوام نے ہمیشہ ترقی اور انصاف کا ساتھ دیا ہے۔ حق دو تحریک کا مقصد عوامی مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کا پائیدار حل تلاش کرنا ہے۔ میونسپل کمیٹی کی بحالی عوامی جدوجہد کی ایک روشن مثال ہے۔
چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوامی خدمت ہے۔ یہ دفتر اب شہری سہولیات کے بہتر نظم و نسق کے لیے مکمل طور پر تیار ہونے جا رہا ہے۔ ہم گوادر کو ایک صاف منظم اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔
مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس اقدام کو حق دو تحریک کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک عمارت کی بحالی نہیں بلکہ عوامی شعور، اجتماعی جدوجہد ایماندار قیادت اور خدمت کے عزم کی ایک مضبوط علامت ہے۔